راولپنڈی(اے این این ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو راولپنڈی کے بوہڑ بازار میں موٹر سائیکل کی غلط پارکنگ ناگوار گزری اور وفاقی وزیر کے پروٹوکول کی گاڑیوں کا راستہ بنانے کے لیے ٹریفک وارڈن نے راستے میں کھڑی موٹر سائیکلیں گرادیں، جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔
میڈیا رپورٹس کے گزشتہ روز وزیر ریلوے شیخ رشید لال حویلی جانے کے لیے بوہڑ بازار سے گزرے تو راستے میں کھڑی موٹر سائیکلوں کی غلط پارکنگ انھیں ناگواری گزری۔ اس موقع پر شیخ رشید اور تاجروں کے درمیان بھی تلخ کلامی ہوئی ،اس موقع شیخ رشید نے تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کو پتہ نہیں میں وزیر ہوں لحاظ کر رہا ہوں ورنہ یہ سارے موٹر سائیکل اٹھوا بھی سکتا ہوں ۔جس پر تاجروں نے کہا کہ ہم خود بھی تجاوزات کے خاتمے کے حق میں ہیں لیکن سب کچھ اچھے طریقے سے ہونا چاہیے۔جو کچھ ہو رہا ہے یہ پہلے نہیں تھا۔اس موقع پر چند نوجوانوں نے نعرے بازی کی اور کہا کہ کیا یہ نیا پاکستان بنایا جا رہا ہے۔لوگوں کے بائیکس گرانے کا کون سا طریقہ ہے ۔اس موقع پر ٹریفک وارڈن شیخ رشید کی گاڑیوں کا راستہ بنانے کے لیے شہریوں کی موٹر سائیکلوں کو ہٹانے کی بجائے گراتا رہا۔ٹریفک وارڈن نے شیخ رشید کو بتایا کہ انہوں نے اسی وجہ سے تنگ آکر یہ موٹر سائیکلیں پھینکی ہیں۔دوسری جانب ٹریفک وارڈن کی جانب سے موٹر سائیکلیں گرانے کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج بھی کیا۔خبر میڈیا پر آنے پر چیف ٹریفک آفیسر محمد اشرف نے موٹر سائیکلیں گرانے والے وارڈن ریاض کو معطل کر دیا اور ان کیخلاف کارروائی کا حکم دیا ہے ۔