بیجنگ(آئی این پی)بیجنگ میں قائم ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بنک(اے آئی آئی بی)کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے لیے سو ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں قرض کی منظوری کی کاروائی جاری ہے۔توقع ہے کہ اس سال کے آخر تک یہ رقم منصوبے کے لیے فراہم کردی جائے گی۔سندھ میں منصوبوں کے لیے یہ دوسرا بڑا قرض ہوگا۔ جو اے آئی آئی بی فراہم کرے گا۔ اس سے قبل کراچی میں پانی اور نکاسی آب کے منصوبوں کے لیے بھی بنک 160ملین ڈالر کے قرض کی
درخواست پر غور کررہاہے۔علاوہ ازیں ایشیائی ترقیاتی بنک بھی کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے لیے بھی 390ملین ڈالر فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کرچکا ہے۔ اسطرح سندھ میں بین الاقوامی بنکوں کی کل قرض582ملین ڈالر ہوجائے گا۔ جبکہ سندھ حکومت ان منصوبوں کے لیے 92.5ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گی۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے کراچی میں آمدورفت کے ذرائع بہتر ہونگے۔ فضائی آلودگی میں کمی آئے گی اور لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہوگا۔