اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کی حکومت بنتے ہی وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے اور بینکوں نے ایف بی آر کی ہدایت پر بڑے کھاتہ داروں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں۔ ایک موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ سے زائد رقوم کے حامل وہ بینک اکاؤنٹ ہولڈر جن کا نیشنل ٹیکس نمبر نہیں ہے، ایسے اکاؤنٹ ہولڈر کے اکاونٹس منجمد کر دیے گئے ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے بڑی تعداد میں زرمبادلہ پاکستان
بھیجنے والے اوورسیز پاکستانی متاثر ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر میں بینکنگ کا شعبہ ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے پہلے ہی بری طرح متاثر ہے، حکومت کے حالیہ اقدامات سے بیرونی ممالک سے اندرون ملک زرمبادلہ کی ترسیل کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے، موقر قومی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومت فوری طور پر اقدامات نہ کر سکی تو آنے والے دنوں میں سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے رقوم بھیجنے کے سلسلے میں کمی کا امکان ہے۔