اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم عمران خان کو چین کے وزیراعظم لی کیکیانگ نے ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پاک چین دوستی سدا بہار ہے‘ نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ چین کے وزیراعظم نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت بھی دی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز چین کے وزیراعظم لی کیکیانگ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو فون کرکے وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے
تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو وقت پر مکمل کیا جائے گا۔ چین کے وزیراعظم نے عمرا ن خان کو چین کے دورہ کی دعوت دی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین گہرے دوست اور مضبوط شراکت دار ہیں۔ چین کی بدعنوانی کے خلاف کام میں پاکستان کیلئے سیکھنے کیلئے بہت کچھ ہے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو بہترین طریقہ سے مکمل کرنے پر زور دیا۔