لاہور(سی پی پی) نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاہے کہ پہلی ترجیح گڈ گورننس اور جنوبی پنجاب سمیت صوبے بھر سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا ، پورے ایوان کے سامنے بتانا چاہتاہوں کہ ہم سٹیٹس کو کو توڑیں گے اور جتنے بھی ممبران ہیں وہ سب اپنے حلقے کے وزیراعلیٰ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر پرویز الٰہی کی صدارت میں ہوا جس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کی گئی اور ووٹنگ کے
نتائج کے بعد تحریک انصاف کے امیدوار عثمان بزدار کامیاب قرار پائے جس کی کامیابی کا اعلان سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کیا۔ اس موقع پر سپیکر نے نومنتخب وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خطاب کی دعوت دی تو اپوزیشن نے شورشرابہ شروع کردیا تاہم اس شورشرابے کے باوجود نومنتخب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زبردست خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کا شکرایہ ادا کرتاہوں ، اللہ اور اس کے بعد اپنے قائد عمران خان کامشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے قائد ایوان کیلئے منتخب کیا ، میرا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے ، آج بھی میرے گھر میں بجلی نہیں ہے ، میں اس علاقے سے تعلق رکھتاہوں جہاں غربت ہے ، میرے دوست پوچھتے ہیں تمہیں وزیراعلیٰ کیلئے کیوں نامزد کیا گیاتو میں انہیں جواب دیتاہوں کہ میرا میرٹ یہ ہے کہ میں سب سے زیادہ پسماندہ علاقے سے تعلق رکھتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن سمیت تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ وہ اس جمہوری عمل کا حصہ بنے ، مجھے معلوم ہے کہ پنجاب کا صوبہ بہت بڑاہے ، اس میں بے شمار چیلنجز ہیں اور اللہ کی مہربانی سے اپنے قائد کے ویژن کو آگے لے کر چلتے ہوئے تمام مشکلات پر قابو پائیں گے ۔ترقی یافتہ علاقوں کو مزید بہترکریں گے اور جہاں ترقی نہیں ہوئی وہاں بھر پور کام کروائیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ ہماری پہلی ترجیح گڈ گورننس اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا ۔
پولیس کے نظام کو کے پی کے پولیس کی طرز کا بنائیں گے ، لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کریں گے اور اسے سسٹم دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پورے ایوان کے سامنے بتانا چاہتاہوں کہ ہم سٹیٹس کو کو توڑیں گے اور جتنے بھی ممبران ہیں وہ سب اپنے حلقے کے وزیراعلی ہوں گے ۔اپوزیشن ہمیں اچھی صلاح دے ہم انہیں ویلکم کہیں گے ۔