اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں نئے وزیراعظم کیلئے رائے شماری، پیپلزپارٹی نے جو کہا کر دکھایا، انتخابی عمل میں شرکت نہ کی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں نئے وزیراعظم کیلئے رائے شماری جاری ہے اور اس موقع پر اسمبلی کے دروازے بند کر دئیے گئے ہیں اور عمران خان اور شہباز شریف کے درمیان نئے قائد ایوان کیلئے رائے شماری کے ذریعے مقابلہ جاری ہے اور عمران خان کے حامی ان
کے ساتھ لابی نمبر ’’اے‘‘جبکہ شہباز شریف کے حامی لابی نمبر ’’بی ‘‘میں جمع ہو چکے ہیں جہاں گنتی کا عمل جاری ہے۔ ایسے میں پیپلزپارٹی کے اراکین نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا اور جماعت اسلامی کے رکن بھی اپنی نشستوں پر ہی براجمان رہے۔ پیپلزپارٹی کی اس وقت اسمبلی میں قیادت بلاول بھٹو کر رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ خورشید شاہ اور راجہ پرویز اشرف براجمان ہیں، آصف زرداری آج ایوان میں نہیں آئے۔