ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مصری فوج اورپولیس کے شہید ہونیوالے افسروں اور جوانوں کے 1000 قریبی عزیزوں کواعزازی حج کی اسکیم کے تحت ان کے سرکاری سطح پر حج کے انتظامات کا حکم دیا ہے۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ خادم الحرمین الشریفین اعزازی حج اسکیم کے تحت 1439ھ کے حج کے موقع پر مصری فوج اورپولیس کے شہید ہونے والے اہلکاروں کے ایک ہزار اقارب کو حج میں شامل کریں۔سعودی عرب کے وزیر برائے مذہب امور ودعوت و ارشاد و اعزازی حج اسکیم کے جنرل
سپروائزر الشیخ ڈاکٹر عبدالطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا کہ شاہ سلمان کی جانب سے مصری فوج اورپولیس کے شہداء کے اقارب کے حج کے احکامات ان کی عرب اور مسلمان اقوام کے حوالے سے سابقہ انسانی ہمدردی کا تسلسل ہے۔ وہ دْنیا بھر سے ہرسال چیدہ چیدہ شخصیات کو حکومتی اخراجات پر حج کرانے کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس کیعلاوہ جنگوں سے متاثرہ افراد بالخصوص شہداء کے قریبی عزیزوں کی دلجوئی کے لیے اْنہیں مفت حج کی سہولت دی جاتی ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب کی حکومت نے فلسطینی شہداء اسیران کے ایک ہزار اقارب کو حج کے لیے سعودی عرب کا خصوصی مہمان بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔