لاہور ( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ابھی تو حکومت ملی نہیں اور عمران خان کے یوٹرن ابھی سے شروع ہو گئے ہیں، قوم آنکھوں سے دیکھی گی کہ سو دن کا پلان سے سو یوٹرن سے زیادہ کچھ نہیں نکلنا۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے کہا قرضہ نہیں لیں گے اب کہتے ہیں آئی ایم ایف کے قرضے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، انہوں نے حکومت ملنے سے پہلے ہی نجکاری کیلئے
قومی اداروں پر نظریں گاڑھ دی ہیں، پی آئی اے ہو یا سٹیل ملز، پیپلز پارٹی اور قوم کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ عمران خان اور ان کے اعلان کردہ وزیرخزانہ کن کے نمائندے ہیں، جو کام نواز شریف اور اسحاق ڈار نہ کر سکے وہ عمران خان اور اسد عمر کریں گے، مقبول نعرے اور سو دن کا پلان صرف ووٹ حاصل کرنے کیلئے تھا، کیسے لوگ ہیں جو کہتے کہ قوم سے کیا گیا سو دن کے پلان کا وعدے پر اب عمل نہیں ہو سکے گا۔