اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کی ذیلی کمیٹی نے ملک بھر میں بجلی کی چوری روکنے کیلئے انوکھی تجویز پیش کردی۔ذیلی کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ سفارشات کے مطابق جو مساجد بجلی چوری کرنے کے خلاف فتویٰ جاری کریں گی انہیں ماہانہ 400 یونٹس مفت فراہم کیے جائیں گے۔سفارشات کی دستاویز کہا گیا کہ فتویٰ میں شریعت کی رو سے بجلی چوری کے روزمرہ زندگی پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہ کیا جائیگا۔ذیلی کمیٹی نے کہا کہ وزارت توانائی
کی ہدایت کے مطابق 80 فیصد سے زائد نقصانات والے فیڈرز پر زیرو لوڈشیڈنگ کے باعث پیپکو کو گزشتہ چھ ماہ میں 40 ارب روپے کا نقصان ہوا، جو کہ قابل قبول نہیں ہے۔کمیٹی نے نقصانات والے فیڈرز پر بجلی کی فراہمی کی صورت میں زکوٰۃ یا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے مالی معاونت فراہم کیے جانے کی سفارش کی ہے۔دستاویز میں کہا گیا کہ لوڈ شیڈنگ چیف جسٹس آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس میں دی جانے والی ہدایت کے مطابق برابر دورانیے کی ہونی چاہیے۔