اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے انتخابی حلقوں کے نتائج روکے جانے پر تحریک انصاف کی جانب سے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہاہے کہ کم و بیش 20 حلقوں کے نتائج انتظامی یا عدالتی وجوہات کی بناء پر روکے جانا انتہائی نامناسب ہے، تعطل سے انتقال اقتدار مؤخر ہونے کا اندیشہ ہو سکتا ہے، چیف جسٹس نامناسب تعطل کا نوٹس لیں۔ پیر کو جاری بیان کے مطابق ترجمان فواد چودھری نے انتخابی حلقوں کے نتائج روکے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کم و بیش
20 حلقوں کے نتائج انتظامی یا عدالتی وجوہات کی بناء پر روکے جانا انتہائی نامناسب ہے، 48 حلقوں میں پہلے ہی ری کاؤنٹنگ کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج میں اس قسم کے تعطل سے انتقال اقتدار مؤخر ہونے کا اندیشہ ہو سکتا ہے، سپریم کورٹ پہلے ہی وضاحت کر چکی ہے کہ ری کاؤنٹنگ کن وجوہات کی بناء پر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی جمہوری عمل میں کسی بھی قسم کی ناجائز تاخیر ازحد نقصان دہ ہے۔انہوں نے چیف جسٹس سے استدعا کی کہ وہ اس نامناسب تعطل کا نو ٹس لیں۔