اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا ہےکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی اور جسٹس شوکت کے ساتھ بھی انصاف ہوگا۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف از خود نوٹس لینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کسی سے نا انصافی نہیں کریں گے، جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ساتھ بھی انصاف ہو گا۔
اس موقع چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئین سے عدالت کے اندر اپنا حلف بھی پڑھ کر سنایا اور درخواست گزار کو تسلی دی کہ ملک کے خلاف کچھ نہیں ہورہا۔چیف جسٹس پاکستان نےریمارکس دیئے کہ جب تک یہ طاقتور عدلیہ موجود ہے، ملک پر اللہ کا فضل رہے گا۔جسٹس ثاقب نثار نے درخواست گزار سے مکالمہ کیا کہ اگر آپ اس معاملے پر پٹیشن دائر کرنا چاہتے ہیں تو کر لیں، اس معاملے پر پہلے ہی نوٹس لیا جا چکا ہے، میں اس معاملے پر از خود نوٹس نہیں لے رہا۔