بھارت (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک اسکول کے باورچی خانے سے 60 زہریلے سانپ برآمد ہوئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق زہریلے رسل وائپر سانپ مہاراشٹرا کے ضلع ہنگولی کے گاؤں پنگرا بخارے میں زلہ پریشد اسکول کے باورچی خانے سے برآمد ہوئے۔ بھارتی حکام کے مطابق ایک خاتون باورچی نے کھانا پکانے کے لیے رکھی لکڑیوں کے پاس دو رسل وائپر سانپ دیکھے، جیسے جیسے خاتون نے لکڑیاں اٹھانا شروع
کیں تو اُس خاتون نے باورچی خانے میں مزید 58 سانپ دیکھے۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں سانپ دیکھنے کے بعد ہم خوفزدہ ہو گئے تھے، بڑی تعداد میں مقامی افراد ان سانپوں کو مارنے کے لیے لاٹھیاں بھی ساتھ لے آئے تھے لیکن ہم نے انہیں سانپوں کو مارنے سے روکا۔ بعد ازاں ایک سپیرے کو بلایا گیا جس نے تقریباً دو گھنٹے کی محنت کے بعد تمام سانپوں کو پکڑا اور انہیں محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا۔