لاہور(نیوز ڈیسک)سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کے کاغذات پر دستخط کرد یئے ، نوازشریف نے دستخط لندن سے ابوظہبی کی بین الاقوامی پرواز کے دوران کئے ، نوازشریف اور ان کے وکیل خواجہ حارث کے درمیان احتساب عدالت کے فیصلے اور اس کے خلاف اپیل پر ایک گھنٹے سے زائد کی مشاورت بھی کی گئی ۔جمعہ کو غیر ملکی میڈیا کے مطابق نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم کے ہمراہ لندن سے براستہ ابوظہبی لاہور پہنچے ۔
بین الاقوامی پرواز کے دوران نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے نوازشریف کے ساتھ ایک گھنٹہ سے زیادہ طویل ملاقات کی۔ ملاقات میں احتساب عدالت کے فیصلے اور اس پر اپیل کرنے کے حوالے سے مختلف امور پر مشاورت کی گئی ۔ مشاورت کے بعد خواجہ حارث نے طیارے کے اندر ہی نوازشریف سے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کے کاغذات پر دستخط بھی کرائے ۔ بعدازاں نوازشریف نے غیر ملکی نشریاتی ادارے بی بی سی ،رائٹرز اور ٹیلی گراف کے رپورٹرز کو انٹرویودیا۔