اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) میاں نواز شریف اور مریم نواز کو اسلام آباد ائیرپورٹ سے علیحدہ علیحدہ گاڑیوں میں سکیورٹی اداروں کے ہمراہ روانہ کیا گیا، اب نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا ہے، لاہور سے میاں نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتاری کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا گیا جہاں سے انہیں علیحدہ علیحدہ راولپنڈی اڈیالہ جیل کے لیے روانہ کیا گیا،
واضح رہے کہ نیب اور ایف آئی اے نے نواز شریف اور مریم نواز کو طیارے میں گرفتار کر لیا ہے ،مریم نواز کو خاتون اہلکاروں نے گرفتار کیا، نواز شریف اور مریم نواز کے پاسپورٹ ایف آئی اے کے حوالے کر دیے گئے ہیں، واضح رہے کہ جب میاں نواز شریف اور مریم نواز کی ابوظہبی سے پرواز لاہور پہنچی تورینجرز ، پولیس ، نیب اور ایف آئی اے کی ٹیمیں طیارے میں داخل ہو گئی ،اے آر وائی ٹی وی کے مطابق طیارے میں موجود لیگی کارکنان نے اس موقع پر میاں نواز شریف کو اپنے حصار میں لے لیا اور رینجرز اور پولیس اہلکاروں سے ہاتھ پائی کی گئی ، لیکن کچھ دیر بعد نیب کی ٹیم نے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کر لیا، اس موقع پر رینجرز ، پولیس اور ایف آئی اے کے اہلکار بھی موجود تھے، اس سے قبل لیگی کارکنان کا کہنا تھا کہ طیارے کے ساتھ ٹیوب لگائی جائے تو تب نواز شریف اتریں گے، اس موقع پر سکیورٹی اہلکاروں نے مسافروں سے کہا کہ وہ فوراً طیارے سے اتر جائیں اور مسافروں کو انتباہ کیا گیا کہ اگر کسی نے مزاحمت کی تو اسے گرفتار کرکے مقدمہ قائم کیا جائے گا، رینجرز اور پولیس کے بعد نیب کی ٹیم ایف آئی اے کی ٹیم کے ہمراہ نواز شریف کے گرفتاری کے وارنٹ لے کر طیارے میں پہنچ گئی ، جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔