اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کی گزشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران ایک رپورٹر احمد منصور نے عمران خان کو ناسور کہتے ہوئے تجویز دی تھی کہ اس کابھی لگے ہاتھوں کچھ کرلیں، یہ بات کہنے والے صحافی کو اب سخت سزادیدی گئی اور ادارے نے اسے معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر اس تجویز کا کلپ وائرل ہواتو ادارے اور رپورٹر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا جس کا نوٹس لیتے ہوئے نجی ٹی وی نے رپورٹراحمد منصور کو معطل کردیا۔معطلی کا حکم خود نجی ٹی وی کے مالک نے دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صحافی نے کہاتھاکہ شفاف الیکشن اور کرپٹ قیادت کے خلاف مہم بھی چل رہی ہے ، نوازشریف کا پتہ تقریباً صاف ہوتا جارہا ہے ، زرداری پر بھی گھیرا تنگ ہوچکا ہے تو سر لگے ہاتھوں عمران کا بھی کچھ کرلیں بعد میں اس ناسور نے بھی چھوڑ نا نہیں ہے کسی کو۔۔۔‘اس تبصرے کے بعد رپورٹر نے ٹوئٹر پر معذرت بھی کرلی تھی ۔