لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو جمعہ کو ممکنہ واپسی کی صورت میں لاہور ایئرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ امیگریشن کا عمل طیارے کے اندر ہی مکمل کیا جائے گا جبکہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کو اڈیالہ جیل میں ہی سماعت کے لئے بلانے کی تجویز بھی دے دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے اپنے خط میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو وطن واپسی پر گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لئے چیئرمین نیب سے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ نواز شریف اور مریم نواز کو طیارے سے اترنے نہیں دیا جائے گا اور امیگریشن کا عمل بھی طیارے میں ہی مکمل کر کے بذریعہ ہیلی کاپٹر اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا جبکہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کو بھی سماعت کے لئے اڈیالہ جیل میں ہی بلانے کی تجویز دی ہے تاہم حتمی فیصلہ چیئرمین نیب کریں گے ۔