لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی گرفتاری کی صورت میں انہیں سینٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور یا اڈیالہ جیل راولپنڈی میں رکھا جاسکتا ہے۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد نیب نے نوازشریف اور مریم نواز کو فوری گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں ائیرپورٹ پر ہی گرفتار کیا جائے گا۔
جیل ذرائع کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کی صورت میں 2 جیلوں میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، انہیں سینٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور یا اڈیالہ جیل راولپنڈی میں رکھا جاسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کو جس جیل میں رکھا جائے گا اس کو سب جیل قرار دیا جاسکتا ہے، ماضی میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو سہالہ کے قریب ایک ریسٹ ہاؤس میں رکھا جاچکا ہے جب کہ جنرل یحییٰ کو جہلم میں ایک ریسٹ ہاؤس میں رکھا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق کسی مجرم کوتب سب جیل میں رکھاجاتا ہے جب اس کی جان کوخطرہ ہو، کسی مجرم کو اگر سب جیل میں رکھا جائے تو اس کو بی کلاس کہا جاتا ہے، جیل رولز 245 کے تحت بی کلاس میں سابق وزیراعظم کی خدمت کے لیے 2 قیدی دیئے جاتے ہیں۔بی کلاس کے تحت مجرم جیل یونیفارم کی بجائے عام کپڑے پہن سکتاہے، مجرم کو گھر کا کھانا دیا جاسکتا ہے یا کھانا پکانے کی اجازت بھی ہوتی ہے جب کہ مجرم کو ٹی وی، ائیر کنڈیشن اور اخبار کے لیے سیکرٹری داخلہ کی اجازت درکار ہوگی۔