پشاور(آن لائن)عید الفطر کے باعث افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کا سلسلہ عارضی طور پر بند کردیاگیا ہے جبکہ عید الفطرکے بعد افغان ریفیوجیز کارڈ کی فراہمی بھی شروع کر دی جائیگی اور رجسٹریشن نہ کرنے والے افغان مہاجرین کے خلاف عید الفطر کے بعد گرینڈ آپریشن بھی کیا جائے گا ۔ رمضان المبارک کے دوران افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی پہلے سے ہی سست روی کا شکار تھی تاہم عیدالفطر کے بعد افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے سلسلے میں تیزی آ جائیگی
افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی عید الفطر کی تعطیلات کے بعد چاردن کے لئے بند رہے گی اس دوران متعلقہ سینٹرز بھی بند رہینگے ۔ اور عید الفطرکی تعطیلات ختم ہونے کے بعد افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو جائیگا ۔ وطن واپس جانے والے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو 2سو ڈالر فی کس دیا جارہا ہے وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین کی ڈیڈ لائن میں حکومت کی جانب سے چھ مہینے کی توسیع کی گئی تھی جو کہ رواں سال کے آخر میں ختم ہو جائیگی