اسلام آباد؍مظفر آباد؍ ایبٹ آباد؍ مانسہرہ؍ سوات؍ مری(آئی این پی) اسلام آباد اور مری سمیت ملک کے دیگر حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ مری میں طوفان کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ منگل کو اسلام آباد، مری، مظفر آبا، نکیال، ایبٹ آبا، مانسہرہ، سوات، مینگورہ ، دینہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز ہواؤں اور بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی،
سیاحتی مقام مری میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارشوں اورژالہ باری نے موسم ٹھنڈا اور خوشگوار بنادیا ٗشہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش نے ناصرف گرمی کی شدت کو کم کردیا بلکہ موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع سوات کے مختلف علاقوں مینگورہ، خوازہ خیلہ، اور بری کوٹ میں میں ہلکے بادل چھانے کے بعد بارش نے گرمی کا زور ٹوڑ دیا ، تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ مینگورہ سمیت ضلع بھر میں بادل چھا گئے جب کہ مٹہ اور خوازہ خیلہ میں بارش کے ساتھ ڑالہ باری نے موسم خوشگوار اور ٹھنڈا کردیا۔ مانسہرہ اور اس کے گردونواح میں بھی شدید ترین گرمی کے بعد موسلا دھار اور مسلسل بارش سے روزہ داروں اور گرمی کے ستائے عوام کے چہرے کھل اٹھے جب کہ بعض مقامات پر ژالہ باری سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔سیروتفریح کے لیے مشہور ضلع مری کو صبح سے کالی گھٹاؤں نے ملکہ کوہسارکواپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا اور دوپہر ہوتے ہی ملکہ کوہسار میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش ڑالہ باری شروع ہوگئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بالاکوٹ ایبٹ آباد اور راولا کوٹ میں بھی شدید آندھی اور بارش کے ساتھ ژالہ باری نے موسم خوشگوار بنادیا اور گرمی کی شدت کم ہونے سے روزہ داروں کے چہروں کھل کھلا اٹھے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ سے مزید بارشوں کا امکان ہے۔