لاہور(آئی این پی)جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے کے لیے پنجاب پولیس کو مسلح ڈرون سے لیس کرنے کا فیصلہ ‘آزمائشی بنیادوں پر مسلح ڈرون فراہم۔ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر آر پی او ڈیرہ غازی خان کو دو ڈرون فراہم کردیئے گئے۔جدید ڈرون کے ذریعے آنسو گیس
شیل بھی پھینکے جا سکیں گے اور خطرناک مجرموں پر دستی بم سے حملے بھی کیے جا سکیں گے۔ ان ڈرون سے خطرناک ڈاکوؤں کے تعاقب میں بھی مدد ملے گی اور ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جاسکتی ہے۔ ڈرون سے ایک وقت میں 8کلو بارودی مواد اور آنسوگیس شیل پھینکے جاسکتے ہیں۔ اس حوالے سے ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں ڈرون سے کارروائی کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔