اسلام آباد(این این آئی)افغان سلامتی امور کے مشیر اور اعلیٰ عسکری قیادت نے مشیر قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ سے ملاقات کی ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق افغانستان کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان کے دورے پر پہنچا جس میں افغان سلامتی امور کے مشیر امورمحمد حنیف اتمر، افغان خفیہ ایجنسی (این ڈی ایس) کے چیف معصوم ستانکزئی، افغان فوج کے سربراہ محمد شریف یفتالی، افغان صدر کے خصوصی نمائندے حضرت عمر زاخیلوال اور وزیر داخلہ واعظ برمک شامل ہیں۔
افغان سلامتی امور کے مشیر امورمحمد حنیف اتمر کی قیادت میں وفد نے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی جس میں پاک افغان دوطرفہ امور، سیکیورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ افغانستان اور پاکستان ایکشن پلان برائے امن و یکجہتی پر بھی بات چیت کی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مشیر قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ نے دورہ افغانستان کے دوران کابل میں افغان صدر اشرف غنی سمیت اعلیٰ سیکورٹی اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کرکے سرحدی سیکورٹی اور افغان امن عمل سمیت دیگر امور پر بات چیت کی تھی۔بعد ازاں افغانستان کے وفد نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز سے ملاقات کی، افغان وفد کی قیادت افغانستان کے صدر کے مشیر انفراسٹرکچر اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر ہمایوں قیومی نے کی، ملاقات میں اقتصادی تعاون تجارت اور توانائی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، سرتاج عزیز نے کہا کہ افغان عوام کئی دہائیوں سے جنگ کی وجہ سے مشکل حالات کا سامنا کررہے ہیں، افغان عوام کیلئے اقتصادی اور سماجی ترقی شاہراہوں کے ذریعے مواصلاتی رابطوں کے فروغ پر توجہ دینی ہوگی، اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مسلسل ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا۔