اسلام آ باد۔۔۔۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پو لنگ کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر سے 2684 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ بارکے انتحابات میں اس مرتبہ صدارت کے امیدوار کا انتخاب صوبہ خیبر پختون خواہ سے ہو گا۔ اس سیٹ پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار فضل حق عباسی اور حامد خان کے پروفیشنل گروپ کے امیدوار عبد الستار کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار کو مختلف گروپوں اور سیاسی جماعتوں کے وکلاء4 ونگ کی حمائت حاصل ہے جبکہ پروفیشنل گروپ کے امیدوار بھی اپنی کامیابی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ لاہور میں ووٹر وکلاء4 کی تعداد 1180 ہے۔ بلوچستان میں 155، خیبر پختون خواہ میں 252، سندھ میں 426، بہاولپور میں 82، ملتان میں180 اوراسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 403 ہے۔ صدر کے علاوہ سیکرٹری کی سیٹ پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار مقصود احمد اور اسرار الحق میاں گروپ کے امیدوار میاں اسلم میں مقابلہ ہے۔ پنجاب سے نائب صدر کی سیٹ پر شاہ عباس میاں بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ بلوچستان، سندھ اور خیبر پختون خواہ کے نائب صدور کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری، فنانس سیکرٹری اور ایگزیکٹو کمیٹی کی 14 سیٹوں پر بھی مقابلہ ہو رہا ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی کی سیٹوں کے لئے 32 امیدوار میدان میں ہیں۔ پو لنگ کا عمل شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔