اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں پھلوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا ہے۔سبزی منڈی ہول سیلرز کے مطابق شہر میں ہول سیل مارکیٹ میں کیلے 30 روپے فی درجن اضافے سے 120روپے کے ہوگئے ٗ آڑو کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا جس کےبعد آڑو 180 روپے فی کلو ہوگئے ہیں۔ہول سیلرز کے مطابق شہر میں تربوز 5 روپے فی کلواضافے کے بعد27 روپے فی کلو ہوگیا ٗ سیب 120روپے کلو کے حساب سے فروخت ہوتا رہا ٗ
رمضان کی آمد کے ساتھ ہی پھلوں کے بادشاہ آم کی بھی آمد ہوئی ہے اور سندھ کا سندھڑی آم 5 روپے فی کلو اضافے کیبعد 85 روپے کلو فروخت کیا جاتا رہا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال فروٹ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف سوشل میڈیا پر ’’فروٹ بائیکاٹ‘‘مہم کا آغاز کیا گیا تھا جو کہ تین دن کیلئے تھی جس کے بعد فروٹ کی قیمتوں میں کمی واقع ہونا شروع ہو گئی تھی۔ فروٹ کی قیمتوں میں رمضان المبارک شروع ہوتے ہی اس سال من مانے اضافے کی گونج میڈیا کے علاوہ اب سوشل میڈیا پر بھی سنائی دے رہی ہے۔