ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مالیاتی اور انتظامی بدعنوانیوں کی نشان دہی اور شکایت کرنے والے ہر سرکاری ملازم کو مناسب تحفظ مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ انھیں بعد میں کسی قسم کی انتقامی کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے انسدادِ بد عنوانی کمیشن کے ڈاکٹر خالد المہیسن نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین کی ہدایت سے ان کی اس معاملے میں دلچسپی اور تشویش کی عکاسی ہوتی ہے۔
وہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بدعنوانیوں کی نشان دہی کرنے والے شہریوں اور مکینوں کا تحفظ چاہتے ہیں اور وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ایسے شہریوں اور ملازمین کو بدعنوانیوں کی نشان دہی کرنے پر کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچایا جائے۔ڈاکٹر خالد المہیسن نے مزید کہا کہ سعودی قیادت کرپشن کی تمام شکلوں سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے اور وہ کرپٹ عناصر سے کوئی رو رعایت برتنے کو تیار نہیں ۔ اس لیے سعود ی عرب کے ویڑن 2030ء کے تحت بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنے والوں کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔اس ویڑن کے تحت شفافیت اور بدعنوانیوں کے خلاف جنگ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔