لاڑکانہ(این این آئی) 9 سالہ بچی صائمہ جروار قتل کیس میں گرفتار دو ملزمان کو لاڑکانہ پولیس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کر دیا، عدالت نے ملزمان کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ لاڑکانہ پولیس نے 9 روز کی ان تھک محنت کے بعد 9 سالہ بچی صائمہ جروار قتل کیس میں 27 افراد سے تحقیقات کے بعد واقع میں ملوث دو ملزمان عابد مغل اور وقار شیخ کو اعتراف جرم کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ کی عدالت پیش کردیا ، ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی
عدالت میں پیش کرنا تھا تاہم جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث انچارج جج کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ملزمان کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا۔ ملزمان نے 9 روز قبل 9 سالہ بچی صائمہ جروار کو زیادتی کی نیت سے اغوا کیا تھا، بچی کی چیخ و پکار پر زیادتی میں ناکامی پر گلہ دبا کر قتل کر کے لاش تالاب میں پھینک دی تھی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر شمیم اختر نے بھی لاڑکانہ پہنچ کر صائمہ کے لواحقین سے تعزیت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔