لاہور (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو جوتا مارنے والے ملزمان کے مقدمے سے انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر لاہور ہائی کورٹ نے تین ملزمان کو 31 مئی کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ جسٹس سردار محمد شمیم خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی، اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب خرم خان نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے معاملہ کی سنگینی کا اندازہ کیے بغیر ہی انسداد
دہشتگردی کی دفعات کو حذف کرنے کا حکم جاری کیا۔ واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ ماہ تینوں ملزمان کی ایک ایک لاکھ مچلکے کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی تھی۔ تینوں ملزمان منور حسن، عبدالغفور اور محمد ساجد نے جوڈیشل مجسٹریٹ یوسف سردار کی عدالت میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ ان ملزمان کے خلاف اس سے قبل تھانہ گجر سنگھ میں چار مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، اب عدالت نے ان ملزمان کودوبارہ 31 مئی کوطلب کر لیاہے۔