لاہور (ا ین این آئی)تفصیلات کے مطابق پاکستان سے باہر ملازمت کے لیے جانے والے افراد کی عدم موجودگی میں ان کی جائیداد پر قبضہ کرنے والا گروہ سرگرم ہے جو اورسیز پاکستانیوں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انکی جائیداد پر قبضے کر رہا ہے،سول کورٹ میں اورسیز پاکستانیوں کی طرف سے اپنی پراپرٹی کے حصول کے لیے دعوے دائر کیے جا رہے ہیں، دعوے دائر کرنے کی شرح بڑھنے پر سول کورٹ میںمقدمات کی سماعت کیلئے سینئر سول جج حسنین کاظمی،
سول جج محمد جمیل اور مسعود آفریدی کو مخصوص کردیا گیا۔ اورسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ ساری زندگی محنت کرکے جائیداد بنائی اس پر بھی قبضہ کرا بیٹھے۔اورسیز پاکستانیوں کی طرف سے پیش ہونے والے وکلا کا کہنا تھا کہ تین عدالتیں مخصوص ہونے سے کیسوں کی سماعت تیزی سے ہو گی۔ مون ایڈووکیٹ کا کہنا تھاکہ لاہور میں جعلی سوسائٹی بنا کر پلاٹ دینے کے اشتہار دے کر بھی اورسیز پاکستانیوں کو لوٹا جا رہا ہے روزانہ کیس دائر کرنے کی شرح بڑھ رہی ہے ۔