لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف تقریر کے خلاف درخواست پر وزیر داخلہ احسن اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7مئی کو طلب کر لیا ۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں فل بینچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار نے متفرق درخواست میں کہا کہ وزیر داخلہ احسن اقبال نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ عدالت نے احسن اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7مئی
کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی توہین عدالت نہیں کی،عدالت نے بلایا ہے توحاضر ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے 25اپریل کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کو شاباش نہیں دے سکتے تو روزانہ طعنے نہ دیئے جائیں، ہماری بھی عزت اور وقار ہے کسی کو یہ حق نہیں کہ دوسروں پر الزامات لگائے۔