اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کی رفتار مزید تیز کرنے کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حال ہی میں 5 نکاتی معاشی ریفارمز پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے پاکستان کی تاریخ میں ٹیکس کی سب سے بڑی کمی کی گئی ہے۔ پیکج کے مطابق انفرادی ٹیکس کی شرح کو کم کیا گیا ہے۔ بارہ لاکھ روپے سالانہ آمدن یا ایک لاکھ ماہانہ آمدن والے افراد کے لیے ٹیکس سے مکمل استثنیٰ کا اعلان کیا گیاہے جو کہ پچھلی حد
سے تین گنا ہے۔ ایک لاکھ سے دو لاکھ ماہانہ آمدن والے افراد پر صرف 5 فیصد ٹیکس لاگو ہو گا۔ دو لاکھ سے چار لاکھ ماہانہ آمدن والے افراد پر ٹیکس کی شرح 10 فیصد ہو گی۔ چار لاکھ ماہانہ سے زیادہ آمدن والے افراد پر ٹیکس کی شرح 15 فیصد ہو گی۔ پاکستان میں ٹیکس کا سب سے زیادہ بوجھ متوسّط اور تنخواہ دار طبقہ پر تھا جن میں اساتذہ، ڈاکٹرز، وکلاء، نرسیں اور اکاؤنٹنٹس وغیرہ شامل ہیں۔ ٹیکس ریٹ میں کمی سے سب سے زیادہ فائدہ اسی طبقے کو ہو گا۔