اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی ن لیگ کے رہنما اور وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ آصف کو نا اہل قرار دیدیا ہے۔ خواجہ آصف پر خلیجی ملک کا اقامہ رکھنے کا الزام ثابت ہوا ہے۔ فیصلے سے قبل عثمان ڈار کی عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی تھی جس میں عمران خان نے
عثمان ڈار کو فیصلے کے بعد بھی ملاقات کیلئے بلوایا تھا۔ فیصلے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف اور نواز شریف قومی مجرم ہیں۔ خواجہ آصف نے جس دن پارلیمنٹ میں میرےلیڈر عمران خان کے خلاف نازیبا کلمات ادا کئے تھے میں نے اسی دن سوچ لیا تھا کہ اس شخص کو پارلیمنٹ سے باہر اٹھا کر پھینکوں گا اور میں نے آج پھینک دیا ہے۔ اس موقع پر عثمان ڈار نے کہا کہ اس مقدمے میں عمران خان کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اگر میرا لیڈر میری سرپرستی نہ کرتا تو میں اس مقدمے کو اس کے منطقی انجام تک نہیں پہنچا سکتا تھا۔ عثمان ڈار نے خواجہ آصف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف تمہیں بہت شوق ہے شوکت خانم کینسر ہسپتال پر انگلیاں اٹھانے کا اب اس فیصلے کے بعد شوکت خانم کینسر ہسپتال لاہور کے باہر جا کر فروٹ کی چھابڑی لگائو ، ہزار کی دیہاڑ لگ جائے گی تمہاری، اس سے نہ صرف مریض تمہیں دعائیں دینگے بلکہ تمہاری روزی روٹی بھی چلتی رہے گی۔ عثمان ڈار نے اس فیصلے کی خوشی میں کارکنوں کو 29اپریل کو مینار پاکستان پر تحریک انصاف کے ہونے والے ’مدر آف جلسہ‘میں جشن منانے اور شرکت کی دعوت دی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے بعد عثمان ڈار بن گالا پہنچ گئے جہاں ان کی عمران خان سے ملاقات ہوئی اس موقع پر
عمران خان نے عثمان ڈار کو مبارکباد دی جبکہ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور اسد عمر بھی موجود تھے۔ عثمان ڈار نے اپنے ہاتھ سے عمران خان کو خواجہ آصف کی نا اہلی کی خوشی میں مٹھائی کھلائی۔ عثمان ڈار نے عمران خان کو آئندہ عام انتخابات میں سیالکوٹ سے سیٹ جیت کر تحفے میں دینے کا بھی اعلان کیا۔