اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت نے گلوکارہ و ماڈل میشا شفیع کی طرف سے گلوکار علی ظفر پر لگائے گئے جنسی ہراسگی کے الزامات پر کہا کہ مجھے ان میں صداقت محسوس ہوتی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انہوں نے کہا کہ اگر میں میشا شفیع کے خاندان کو دیکھتے ہوئے اس پر کچھ کہوں تو مجھے ان کے الزامات میں صداقت نظر آتی ہے
کیونکہ گلوکارہ بہت بولڈ خاتون ہیں، مجھے میشا شفیع کی بات پر محسوس ہوتا ہے کہ کچھ نہ کچھ تو ایسا ہوا ہے جس نے ان کو کھل کر سامنے آنے پر مجبور کر دیا۔ پروگرام کے میزبان کامران شاہد نے ان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ دونوں کے درمیان کسی بات پر کوئی جھگڑا ہوا ہو، جس کے جواب میں ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہا کہ اگر دونوں کے درمیان کوئی جھگڑا بھی ہوا ہے تو ہمیں ان دونوں کے کرداروں کے بارے میں دیکھنا ہوگا کہ علی ظفر اور میشا شفیع کا ماضی کیا رہا ہے۔ جب پروگرام کے میزبان کامران شاہد نے ڈاکٹر عامر لیاقت سے گلوکار علی ظفر کے ماضی پر روشنی ڈالنے کو کہا تو ڈاکٹر عامر لیاقت نے اس موقع پر کہا کہ اب میں یہ میڈیا پر تو نہیں بتا سکتا بہت سارے لوگ جانتے ہیں کہ علی ظفر کا ماضی کیا رہا ہے، اس پر پروگرام کے میزبان نے کہا کہ ان کا ماضی کس طرح کا رہا ہے، جس کے جواب میں ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہا کہ ہلے گلے والا ماضی۔ جس پر پروگرام کے میزبان کامران شاہد نے کہا کہ ہمارا ماضی بھی ہلے گلے والا رہا ہے اس پر عامر لیاقت نے کہا کہ ہمارے ہلے گلے پر مقدمات بن جاتے ہیں یہ ہلہ گلہ کچھ اور ہے۔ عامر لیاقت نے گلوکارہ و ماڈل میشا شفیع کی طرف سے گلوکار علی ظفر پر لگائے گئے جنسی ہراسگی کے الزامات پر کہا کہ مجھے ان میں صداقت محسوس ہوتی ہے۔