اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو دوسرا خط لکھ دیا‘ خط میں کہا گیا کہ حکومت سندھ کراچی واٹر بورڈ پر واجب الادا ادائیگیوں کا مسئلہ حل کرے‘ وفاقی حکومت سندھ حکومت کو مکمل حمایت کا یقین دلاتی ہے‘ 18ویں ترمیم کے بعد ادائیگیوں کا معاملہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
کے الیکٹرک کو بغیر کسی معاہدے کے 650 میگا واٹ بجلی فراہم کررہے ہیں۔ اتوار کو کراچی میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو دوسرا خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ واٹر بورڈ پر واجب الادا بقایا جات کی ذمہ داری سندھ حکومت ہے کوئی بھی معاہدہ آئینی ترامیم کو منسوخ نہیں کرتا۔ حکومت سندھ کراچی واٹر بورڈ پر واجب الادا ادائیگیوں کا مسئلہ حل کرے۔ نیپرا وفاقی نہیں قومی ادارہ ہے جس میں سندھ کی نمائندگی بھی شامل ہے۔ وفاقی حکومت سندھ کو مکمل حمایت کا یقین دلاتی ہے کے الیکٹرک کو بغیر کسی معاہدے کے 650 میگا واٹ بجلی دے رہے ہیں۔ 18 ویں ترمیم کے بعد ادائیگیوں کا معاملہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تین بار خط لکھ چکے ہیں۔