لاہور/رائے ونڈ(این این آئی) سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سابق وزرائے اعظم ،وزرائے اعلیٰ ، وزراء اور سیاستدانوں سمیت دیگر شخصیات کی سکیورٹی پر تعینات اضافی نفری واپس بلا لی گئی ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی رہائشگاہ جاتی امراء رائیونڈ سے 142ایلیٹ فورس کے جوانوں اور 210پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو واپس بلایا گیا جبکہ سابق وزرائے اعظم ، وفاقی اور صوبائی وزراء ، سیاسی شخصیات کی سکیورٹی کا تعین بھی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق
سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد سیاستدان ، سابق وزرائے اعظم ،وفاقی و صوبائی وزراء ،سیاستدانوں اور دیگر شخصیات سے بھی غیر ضروری سکیورٹی واپس بلا لی گئی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سکیورٹی پر ایلیٹ فورس کے 162اہلکار تعینات تھے جن میں سے 142اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا ہے ۔ایلیٹ فورس کی 7گاڑیاں جو سکواڈ میں شامل تھیں انکو 14ڈرائیورز کیساتھ واپس بلوا لیا گیا ہے ۔ جس کے بعد اب ایلیٹ فورس کا ایک سب انسپکٹر ،2اے ایس آئی اور کانسٹیبل سکواڈ میں شامل ہوں گے ۔ جبکہ پنجاب کانسٹیبلری کے 230اہلکار فارم ہاؤس کی حفاظت پر مامور تھے جن میں 210اہلکاروں کو واپس بلایا گیا ہے جس کے بعد اب پنجاب کانسٹیبلری کا ایک انسپکٹر ، دو سب انسپکٹر ، دو اے ایس آئی اور 15کانسٹیبل سکواڈ میں شامل ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر)محمد صفدر ،میاں عباس شریف کی فیملی کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی واپسی ہو چکی ہے جبکہ جاتی امراء فارم ہاؤس پرمعمول کی پولیس ڈیوٹی لگی ہوئی ہے ۔دوسری جانب سابق وزرائے اعظم ، وفاقی اور صوبائی وزراء ، سیاسی شخصیات کی سکیورٹی کا تعین بھی ہو گیا۔سابق وزرائے اعظم کے ساتھ ایک گاڑی اور 15اہلکار تعینات ہوں گے ،سابق وزرائے اعلیٰ کے پاس 1،1گاڑی اور 10،10اہلکار ،صوبائی وزراء کے ساتھ ایک ایک گاڑی ،10،10اہلکار ،تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز کے ساتھ ایک گاڑی ،
10،10اہلکار ،چیف سیکرٹری ،آئی جی پنجاب کے ساتھ 1،1گاڑی ،1،1موٹر سائیکل اور 12،12اہلکار تعینات ہوں گے ۔ اس کے ساتھ سیشن ججز کے ساتھ 1،1گاڑی اور 10،10اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی دیں گے،انسداد دہشت گردی کے ججز کے ساتھ 1،1گاڑی ،10،10اہلکار ہوں گے،ایڈیشنل سیشن جج کے ساتھ 1،1گن مین سکیورٹی ڈیوٹی دے گا،اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ بھی ایک ایک گن مین سکیورٹی ڈیوٹی دے گا ۔چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی سکیورٹی کا تعین چیف سکیورٹی آفیسرز کریں گے ،چیف سکیورٹی آفیسرز کے تعین پر ہی وزرائے اعلیٰ کو سکیورٹی دی جائے گی۔