لاہور( این این ائی )کوئلے اور ایل این جی سے بجلی کی پیداوار میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، نوماہ کے دوران بجلی کی مجموعی پیداوار ساڑھے 11 فیصد بڑھ گئی۔پاکستان نے فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار پرانحصار کم کر دیا ہے اوررواں مالی سال کے 9 ماہ کے دوران فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار 21 فیصد گھٹ گئی۔ جولائی سے مارچ کے دوران فرنس آئل سے 24 ہزار 422 میگاواٹ بجلی تیار کی گئی، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 30
ہزار 930 میگاواٹ بجلی فرنس آئل سے پیدا کی گئی تھی۔دوسری جانب کوئلے سے بجلی کی پیداوار میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2018 کے 9 ماہ میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار 9 ہزار 412 میگاواٹ رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں صرف 80 میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی تھی۔جولائی سے مارچ کے دوران ایل این جی سے بجلی کی پیداوار 300 فیصد اضافے سے 14 ہزار 948 میگاواٹ تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 5 ہزار میگاواٹ تک محدود تھی۔