ممبئی (این این آئی)بولی وڈ کے چھوٹے بچن ابھیشک بچن اور پگی چوپس پریانکا چوپڑا اگرچہ کم سے کم تین سے زائد فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔تاہم دونوں اداکار آخری بار 2008 میں ٹریجڈی فلم ’دوستانہ‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے اور اب وہ 10 سال بعد ایک نئی فلم میں ایک دوسرے سے رومانس کرتے نظر آئیں گے۔اطلاعات ہیں کہ ابھیشک بچن اور پریانکا چوپڑا آنے والی بولی وڈ ٹریجڈی فیملی فلم میں میاں بیوی کے روپ میں نظر آئیں گے۔
فلم ساز سونالی بوس اپنے آنے والی فلم میں ابھیشک بچن اور پریانکا چوپڑا کو کاسٹ کرنے کی خواہاں ہیں اور انہوں نے اداکاروں سے اس حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔خبر کے مطابق فلم ساز سونالی بوس نے ابھیشک بچن سے آنے والی رومانٹک ایکشن فلم ’من مرضیاں‘ کی شوٹنگ کے سیٹ پر ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ وہ انہیں فلم میں کاسٹ کرنا چاہتی ہیں۔اطلاعات کے مطابق ابھیشک بچن نے فلم میں اپنے کردار پر خوشی کا اظہار کیا، دوسری جانب فلم ساز نے پریانکا چوپڑا سے بھی فلم کے حوالے سے رابطہ کیا۔نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا کہ فلم ساز پریانکا چوپڑا کو اپنی فلم میں مرکزی اداکارہ کے طور پر کاسٹ کرنا چاہتی ہیں، جو فلم میں ابھیشک بچن کی اہلیہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ ابھیشک بچن اور پریانکا چوپڑا نے فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی ہے۔فلم کا تاحال نام نہیں رکھا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تصدیق کی گئی ہے، تاہم امکان ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں فلم ساز اداکاروں کے اعلان کے ساتھ فلم کے نام کا بھی اعلان کریں گی۔فلم کی ہدایات رونی اسکریووالا اور سدھارتھ رائے کپور دیں گے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کی شوٹنگ رواں برس کے اختتام سے قبل شروع کردی جائے گی۔فلم کی کہانی 18 سالہ بچی عائشہ کے گرد گھومتی ہے-اگر ابھیشک بچن اور پریانکا چوپڑا اس فلم میں ایک ساتھ نظر آئے تو دونوں اداکاروں کی گزشتہ 10 سال بعد ایک ساتھ اسکرین پر واپسی ہوگی۔