لاہور /قصور /اسلام آباد(این این آئی)بدھ کو میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قصور سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ محمد وسیم کے عدلیہ مخالف نعروں پر نوٹس لے لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے چیف ویپ شیخ آفتاب احمد کو معاملے پر ایکشن لینے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ چیف ویپ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ایکشن لیں۔ دوسری جانب قصور سے نمائندے کی اطلاع کے مطابق مقامی پولیس نے (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی
شیخ وسیم سمیت (ن) لیگ کے بعض مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف عدلیہ مخالف نعرے بازی اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر مقدمات درج کرلیے ہیں اور متعدد کو گرفتار کرکے تھانوں میں بند کردیا گیا ہے جنھیں ریمانڈ کیلئے (آج ) مقامی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔واضح رہے کہ چند روز قبل قصور سے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کی قیادت میں (ن) لیگ کے کارکنوں نے ایک احتجاجی مظاہر ہ کیا جس میں عدلیہ مخالف نعرے بازی کی گئی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے ۔