اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے میڈیا کمیشن کی سفارشات پرعملدرآمد کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے چئیرمین پیمرا ابصار عالم کے رویےپر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عدالت سے نکل جانے کا حکم دے دیا ۔ کیس کی پچھلی سماعت میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا تھا کہ ابصار عالم نے بطور چئیرمین پیمرا ڈریکولین قوانین کی تجاویز پیش کی ہیں۔
جس پر ابصار عالم عدالت میں کچھ کہنا چاہتے تھے تا ہم چیف جسٹس نے کہا میری میٹنگ ہے اس لیے مجھے جانا ہے ۔ہم اس کیس کی سماعت اڑھائی بجے کریں گے تب آپ کا موقف سنیں گے لیکن ابصار عالم اپنی بات کرنے پر بضد تھے۔ انہوں نے چیف جسٹس کی بات پر دھیان دینے کی بجائے اپنی بات جاری رکھنے پر زور دیا۔جس پر چیف جسٹس برہم ہو گئے اور کہا فوری طور پر عدالت سے باہر نکل جائیں۔جس کے بعد ابصار عالم عدالت سے نکل گئے۔