واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چاڈ کے شہریوں پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہاگیاکہ سفری پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ تازہ جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔ جائزے میں بتایا گیا کہ چاڈ نے سکیورٹی معیارات بہتر بنانے کے علاوہ اپنے شہریوں
کے بارے میں امریکی حکام کو معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ بھی بہتر بنایا ہے۔ واضح رہے کہ چاڈ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم امریکی اتحادی ملک بھی ہے۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سفری پابندیوں کے شکار دیگر سات ممالک نے اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے، اس لیے ان پر پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی۔