اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملتان میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر بجلی چور نکلے، رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، مقدمہ درج، اپنے پرائے سازش میں ملوث، پھنسایا جا رہا ہے، رکن قومی اسمبلی ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں اور ان کے خلاف ایس ڈی او اندسٹریل سٹیٹ محمد عمران نے مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عامر ڈوگر کے گھر کا میٹر بند کر دیاگیا تھا
جبکہ بجلی کے استعمال پر میٹر پر زیر استعمال یونٹس ظاہر نہیں ہو رہے تھے ، ذرائع کے مطابق عامر ڈوگر گزشتہ 6سال سے بجلی چوری کر رہے تھے۔ ایس ڈی او انڈسٹریل اسٹیٹ نے جب ان کا میٹر اتار کر میٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھجوایا تو وہاں پر میٹر کے معائنے کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ جان بوجھ کر میٹر کو بند کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے جب عامر ڈوگر سے میڈیا نے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اپنے پرائے میرے خلاف سازش میں شامل ہیں اور مجھے پھنسوایا جا رہا ہے۔