فیصل آباد (نیوز ڈیسک) فیصل آباد کی حسیناؤں نے دل چرانے کے ساتھ ساتھ گردے چرانے بھی شروع کر دیے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کی ریلوے کالونی کے رہائشی محبوب زاہد مسیح کا کہنا ہے کہ اس کی گلشن بی بی سے فون پر دوستی ہوئی اور یہ دوستی کب اور کیسے پیار میں بدلی پتہ بھی نہ چلا۔ زاہد مسیح نے کہا کہ مجھے احساس ہوا کہ مجھے سچا پیار کرنے والی کوئی مل گئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایک دن گلشن بی بی نے زاہد مسیح کو ملنے کیلئے بلایا، جس پر زاہد مسیح
کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا اور وہ ملاقات کی خوشی میں وہاں پہنچ گیا۔ زاہد مسیح کی گلشن بی بی نے کھانے پینے سے تواضع کی، زاہد مسیح کو اس بات کا علم بھی نہ ہوا کہ اس کھانے میں نشہ شامل ہے، اسے کھاتے ہی وہ بے ہوش ہو گیا، جب زاہد مسیح کو ہوش آیا تو اس کا ایک گردہ نکالا جا چکا تھا، جب زاہد مسیح نے ہسپتال میں چیک کرایا تو انہوں نے تصدیق کی کہ گردہ نکال لیا گیا ہے۔ یہ بات جاننے کے بعد زاہد مسیح کا سچا پیار ہوا میں اڑ گیا اور وہ مجبوراً عدالت چلا گیا، زاہد مسیح کا یہ کیس اب عدالت کی زیر سماعت ہے۔