لاہور( این این آئی) سیاسی وفاداری تبدیل کر کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے احمد شاہ کگھہ اور سردار شہاب الدین پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ پر تاحال (ق) لیگ اور پیپلز پارٹی کے ٹیگ کے ساتھ براجمان ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 2013ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کی ٹکٹ پر پی پی229پاکپتن سے منتخب ہونے والے احمد شاہ کھگہ اور پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پرپی پی 263لیہ سے منتخب ہونے والے سردار شہاب الدین سہڑنے تین اپریل کو عمران خان
سے ملاقات کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا ۔مذکورہ رہنماؤں کی جانب سے تاحال استعفے نہیں بھجوائے گئے جس کی وجہ سے دونوں اراکین پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ پر اپنی پرانی جماعتوں کی فہرست میں بطور اراکین اسمبلی براجمان ہیں ۔پی پی 58فیصل آباد سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے احسن ریاض فتیانہ بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر چکے ہیں اور وہ بھی پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ پر آزاد حیثیت سے موجود ہیں۔