لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں مضبوط امیدواروں کے چناؤکیلئے سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے،ناراض رہنماؤں اورکارکنوں کے تحفظات دورکرنے کیلئے فوری رابطے کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے بھی آئندہ عام انتخابات کیلئے اپنی تیاریاں شروع کرنے کافیصلہ کر لیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ (ن) لیگ نے حلقوں میں اپنے طور پر سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد حلقے میں سامنے آنے والے امیدواروں بارے
پیشگی آگاہی حاصل کرنی ہے ۔ اس سروے میں امیدواروں کی حیثیت ، سیاسی ساکھ اور دیگر خوبیوں کو مد نظر رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس مرتبہ نئے امیدواروں کوبھی موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے انتخابی حلقوں میں پارٹی کیلئے متحرک کردارادا کرنے والے رہنماؤں اور کارکنوں جو کسی نہ کسی وجہ سے ناراض ہیں انہیں بھی منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں مرکزی رہنما ان سے رابطے کریں گے اور ان کی قیادت سے بھی ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔