اسلام آباد (این این آئی) حکومت نے وزیراعظم یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے۔ اتوار کو جاری بیان کے مطابق دوسرے مرحلے کے لئے خواہشمند امیدواروں کو 23 اپریل تک آن لائن رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ منتخب امیدواروں کو پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، فاٹا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے حکومتی محکموں، نیم سرکاری اداروں اور محکموں میں انٹرن شپ دی جائے گی۔ نیشنل انٹرن شپ پروگرام 2018ء کے دوسرے مرحلے میں انجینئرنگ کی سولہ سالہ تعلیم کے
حامل نوجوانوں کی عمر کی بالائی حد 25 سال مقرر کی گئی ہے۔ دوسرے مرحلے میں 15 ہزار نوجوانوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا جنہیں 12 ہزار روپے ماہانہ کی شرح سے مشاہیرہ دیا جائے گا۔ درخواست دہندگان کو فائنل ڈگری میں پچاس فیصد نمبر یا 2.5 سی جی پی اے کا حامل ہونا چاہیے۔ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، فاٹا، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے امیدواروں کیلئے عمر کی بالائی حد 30 سال مقرر کی گئی ہے۔ دوسرے مرحلے میں خصوصی افراد کے لئے دو فیصد اور اقلیتوں کے لئے پانچ فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔