لاہور( این این آئی )قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور نے ایم این ایم موٹرز کرپشن کیس میں ایک اور اہم ملزم کو گرفتار کرلیا ، آج ( پیر ) کے روز جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ ترجمان کے مطابق نیب لاہور ایم این ایم موٹرز فراڈ کے حوالے سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملزم شہاب السلام مذکورہ کمپنی میں بطور سٹاکسٹ تعینات رہا جبکہ ملزم پر عوام سے کروڑوں روپے لوٹنے کا الزام ہے۔مرکزی ملزم احمد سیال نیب لاہور کے
زیر حراست ہے جس سے غبن کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ملزمان نے آپس کی ملی بھگت سے 25000 روپے کے عوض موٹر سائیکل دینے کے نام پر عوام سے اربوں روپے بٹورے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف ہزاروں متاثرین نیب لاہور میں کلیم داخل کروا چکے ہیں۔ ملزم شہاب السلام کی گرفتاری تفتیش میں اہم پیشرفت ہے ۔ ترجمان کے ماطبق ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے آج پیر کے روز احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا ۔