تہران(اے این این ) پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے ۔ایرانی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے تہران میں تعینات پاکستانی سفیر آصف علی خان درانی نے کہا کہ پاکستان ایران کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے ۔اس ضمن میں ایران کی جانب سے جو بھی قدم اٹھایا جائے گا ہم اس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آواز
اٹھانے پر ایران کا شکر گزار ہے ۔اس مسئلے کے حل کیلئے ایران نے قدم بڑھایا تو پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گا۔انھوں نے کہا کہ اگر ایران یہ سمجھتا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے تیار نہیں ہے تو پھر مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے تاکہ کسی نتیجے پر پہنچا جا سکے اور کشمیریوں کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے مسئلہ کشمیر حل کر کیلئے ایران کے تعاون کی پیشکش کی تھی۔