اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کالے ہرن کے شکار کے کیس میں گرفتار بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی درخواست ضمانت سن کر اس پر فیصلہ محفوظ کرنے والے جج کا تبادلہ کردیا گیا۔سلمان خان نے گزشتہ روز اپنی سزا پر ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرکے آج سنانے کا اعلان کیا تھا۔بھارتی میڈیا کےمطابق جودھ پور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے جج روندا کمار جوشی نے آج سلمان خان
کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانا تھا تاہم اس سے قبل جج کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ راجستھان ہائیکورٹ نےجج روندرا کمار جوشی سمیت 87 ڈسٹرکٹ ججز کے تبادلے کردیئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سلمان خان کو سزا سنانے والے جج دیو کمار کھتری کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ ججز کے تبادلے معمول کی کارروائی ہے اور ہر سال 15 سے 30 اپریل کے دوران راجستھان ہائیکورٹ کی جانب سے تبادلے کیے جاتے ہیں۔بھارتی میڈیا کی جانب سے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانے والے جج کے تبادلے کے باعث اداکار کو مزید کچھ راتیں جیل میں گزارنا پڑ سکتی ہیں۔واضح رہےکہ جودھ پور کی عدالت نے کالے ہرن کے شکار کے 20 سال پرانے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپےجرمانے کی سزا سنائی ہے۔