کراچی (این این آئی)ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی سیدہ شہلا رضا نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم پاکستان کے عوام کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق ہے ۔مفتاح اسماعیل نے ملک کی معیشت کے لیے ایسی پالیسیاں دی ہیں جن سے لگتا ہے کہ وہ باٹا کے جوتے بانٹ رہے ہیں۔جمعے کو ڈاؤ یونیورسٹی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ ایمنیسٹی اسکیم کو پاکستان پیپلز پارٹی تسلیم نہیں کرتی ہے ۔
تین انتہائی ناکام ایمنسٹی اسکیمز اسحاق ڈار نے دی تھیں ۔چوتھی ایمنسٹی اسکیم مفتاح اسماعیل لائے ہیں۔بجٹ سے کچھ دن قبل اس اسکیم کو پیش کرنا سراسر زیادتی ہے ۔اس اسکیم کا وقت بالکل غلط ہے ۔تمام سیاسی جماعتوں نے انکو مشورہ دیا تھا کہ سیاسی ایمرجنسی لگا کر مشاورت کریں۔انہوںنے کہا کہ حکومت سندھ نے صحت کے لیے سب سے زیادہ کام کیا ہے ۔517 ہیلتھ یونٹس سندھ میں قائم کیے ہیں ۔چھٹا این سی وی ڈی کا سیٹلائٹ سینٹر نواب شاہ میں قائم ہونے جا رہا ہے ۔سندھ میں امراض قلب کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔اس سال پیپلزپارٹی کی کوشش ہے کہ وہ پچھلے سال سے مزید بہتر بجٹ پیش کرے ۔