ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا کے مطابق جودھ پور سینٹرل جیل کی بیرک نمبر 2 کے قیدی نمبر 106 سلمان خان پہلی رات انتہائی بے چین رہے اور تین مرتبہ ان کا بلڈ پریشر بہت بڑھ جس کے باعث ڈاکٹر ان کا معائنہ کرتے رہے اور انہیں دوا بھی کھلائی گئی جبکہ ساری رات ان کی نگرانی کی جاتی رہی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کی حالت قدرے بہتر ہے اور انہیں ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی
جس کے باعث وہ جیل میں ہی ہیں۔بھارتی عدالت نے سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جودھ پور سیشن عدالت میں سلمان خان کی طرف سے پیش کی گئی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ سلمان خان کی طرف سے پیش وکیل مہیش بورا نے ان کا موقف رکھا۔ سماعت پوری ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ کل تک کے لئے محفوظ رکھ لیا ہے۔سلمان خان کے وکیل مہیش بورا نے جج سے کہا کہ سلمان خان کو شبہ کا فائدہ دیا جانا چاہئے۔ سماعت کے وقت کافی تعداد میں بشنوئی طبقہ کے لوگ عدالت کے باہرموجود تھے۔ سیشن جج رویندر جین اب سلمان خان کی ضمانت پر فیصلہ سنائیں گے جس کے بعد ہی ان کی رہائی کی امید کی جا سکتی ہے ۔دریں اثنا سلمان خان کو جیل میں قیدی نمبر 106 سے نواز دیا گیاہے اور انہیں ان کی بیرک تک پہنچا دیا گیاہے جہاں انہیں جیل میں رات گزارنے کیلئے سامان بھی فراہم کر دیا گیاہے۔