اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کردیں۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے توہین عدالت کی درخواستوں پر الگ الگ سماعت کی۔درخواست گزار ریاض حنیف راہی بھی عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ عدالت مزید وقت دے میں ان کیسز میں کچھ اضافی دستاویزات جمع
کرانا چاہتا ہوں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آج اگر اپنے دلائل دینا چاہتے ہیں تو دیں ،آپ کو مزید وقت نہیں دیا جائے گا ۔ریاض حنیف راہی نے عدالت میں موقف اختیار کیا سفر میں تھا تیاری نہیں کر سکااس لئے آج دلائل نہیں دے سکتا۔ جس پر عدالت نے توہین عدالت کی دونوں درخواستیں عدم پیروی پرخارج کر دیں ۔ایک روز قبل بھی سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹائی تھی۔