لاہور(سی پی پی) ملی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے کہاہے کہ امریکا کی جانب سے ان کی سیاسی جماعت کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنا پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان ملی مسلم لیگ تابش قیوم کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق سیاسی سرگرمیاں سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف پورے ملک میں کوئی ایف آئی آر تک درج نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو ملی مسلم لیگ سے نہیں، نظریہ پاکستان، سی پیک اور ایمٹی قوت سے پریشانی ہے۔ترجمان ملی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ان پر نئے نام سے کام کرنے کے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔تابش قیوم کا کہنا تھا کہ وزرات داخلہ کے ذریعے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن روک کر دنیا کے سامنے اس کی غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملی مسلم لیگ انتخابات میں حصہ لینے پر لگائی گئی پابندی کو چیلنج کرے گی اور ان کی سیاسی جماعت 2018 کے عام انتخابات میں بھر پور انداز میں حصہ لے گی۔ترجمان ملی مسلم لیگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے بھر پور قانونی جنگ لڑی جائے گی، ہم اپنا مقدمہ ملکی و بین الاقومی سطح پر لڑنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا کے پاس ملی مسلم لیگ کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں تو وہ عدالتوں پیش کریں۔